نگران وزیراعظم کیلئے دو بڑوں میں فیصلہ ہوچکا، ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا: شاہ محمود
سابق وزیر خارجہ و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شکوہ کیا ہے کہ نگران وزیراعظم کون ہوگا؟ دو بڑوں میں فیصلہ ہوچکا لیکن ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی چیئرمین کو عدالتوں سے ریلیف ملا ہے، حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف من گھڑت کیسز بنارہی ہے، حکومت 90 روز کے انتخابات کو ترجیح دیتے ہوئےنظر آرہی ہے، الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ ابہام نہیں رہانگران وزیراعظم کون ہوگا، دو بڑوں میں فیصلہ ہوگیا، باقیوں کو کچھ معلوم نہیں، کیا بند کمرے کا فیصلہ مسلط کیا جائے گا؟ لاہور کی بیٹھک میں دبئی کے فیصلوں پر مہر ثبت کردی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے، ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے حوالے سے توڑ مروڑ کر بات پیش کی جارہی ہے۔