نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہوجائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ہے، اس سے پہلے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے تھا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھنےکی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپسیٹی ادائیگیاں بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات ہیں۔
نیپرا نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281ارب روپے متوقع ہے۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے متعلق نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے بینادی ٹیرف میں اضافے کے بعد بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً پچاس روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔
اس وقت ملک بھر کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے ہے۔ گزشتہ مالی سال بجلی کا بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سےبڑھا کر 24 روپے 82 پیسے کیا گیا تھا۔
بنیادی ٹیرف سمیت اس وقت ملک میں بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً تقریباً45 روپے کا ہے۔