کسی سے اتحاد نہیں کرینگے، پنجاب کے ہر حلقے میں شیرکا نشان ہوگا: رانا ثناءاللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بھی لازمی کٹہرے میں لائے جائیں گے، چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری سے متعلق متعلقہ ادارے اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو کہتا تھا مر جاؤں گا ڈائیلاگ نہیں کروں گا، اس شخص سے ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو صرف اس لیے نہیں چھوڑا جا سکتا کہ انہوں نے الیکشن لڑنا ہے،کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے ، عام انتخابات میں پنجاب کے ہر حلقےمیں شیرکا نشان موجود ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی آدمی نے جرم کیا ہے تو اسے ٹرائل کا سامنا کرنا پڑے گا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کوئی چھوٹی بات نہیں، ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تفتیش آگے بڑھ رہی ہے، شرپسند جتھے کیخلاف ملکی قانون کے تحت کارروائی کی جانی چاہیئے ، رونا دھونا چھوڑیں اور آئیں انتخابی میدان میں مقابلہ کریں، کسی جماعت کو الیکشن سے باہر رکھنا کوئی انوکھی بات نہیں ، 2018 میں ایک بڑی پارٹی کو الیکشن سے باہر رکھا گیا تھا۔ کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد کسی جماعت کیخلاف انتقامی کارروائی نہیں کی گئی، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو صرف اس لیے نہیں چھوڑا جا سکتا کہ انہوں نے الیکشن لڑنا ہے، جو کہتا تھا مرجاؤں گا ڈائیلاگ نہیں کروں گا اس سے ڈائیلاگ نہیں ہو سکتا، ملک دشمن ایجنڈے کو لے کر چلنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی، عوام نے 4 سال دوسرے لوگوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث فرد، گروہ کیخلاف کارروائی سیاسی انتقام نہیں، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قوانین کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے، قاسم کے ابو نے کچھ کیا ہے تو قاسم جانے یا اس کا ابو جانیں، عمران خان کی گرفتاری سے متعلق متعلقہ ادارے اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں، معاملات آگے چل رہے ہیں، کچھ شرپسند اب تک پکڑے جا رہے ہیں، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بھی لازمی کٹہرے میں لائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد مہنگائی میں کمی کریں گے، کوئی جماعت سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کرے گی تو مخلص ساتھیوں پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، کمزور حلقے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی لیکن یہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ انتہائی کم ہو گی۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پر قاسم کے ابو کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا، ہم پہلے الیکشن لڑ لیں پھر سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، قاسم کے ابو کسی عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ وہ اگست 2023 میں معاملات نگران حکومت کے حوالے کردیے جائیں گے جس کے بعد الیکشن کا انعقاد ہوگا۔