بھارت میں پاکستان کے 2 ورلڈکپ میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں سامنے آگئیں
بھارت میں 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے 2 میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں سامنے آگئیں۔
کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے ایڈن گارڈنز میں میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں جاری کردیں اور ٹکٹس کی قیمتوں کا اعلان کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر نے کیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو کولکتہ میں ایڈن گارڈنز کے میدان پر 2 میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان کے انگلینڈ اور بنگلادیش کے خلاف میچ کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 800 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 2200 بھارتی روپے ہے۔
ایڈن گارڈنز میں سیمی فائنل میچ کے ٹکٹس کی قیمت 900 روپے ہوگی جب کہ سب سے مہنگا ٹکٹ 3 ہزار بھارتی روپے کا ہوگا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ابھی تک ورلڈکپ کے ٹکٹس کی قیمتیں جاری نہیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کا بنگلادیش کے خلاف میچ 31 اکتوبر جب کہ انگلینڈ کے خلاف 12 نومبر کو میچ شیڈول ہے۔