اللہ نے نواز شریف سمیت ہمیں بطور جماعت ہر امتحان میں سرخرو فرمایا: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے اس نے قائد نواز شریف سمیت ہمیں بطور جماعت ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہی نہیں برطانوی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا جواب موجود ہے، تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے، جس میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے،کیس تھا نہیں بلکہ بنایاگیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا۔
اس سے قبل گزشتہ روز پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس سے نواز شریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نواز شریف کو سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، یہ ثبوت ہے کہ جان بوجھ کر اس وقت کی انتقامی حکومت نے نواز شریف کو مفرور قرار دلوایا، ثابت ہوگیا کہ نواز شریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لیے نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔