‘عمران خان کا آرمی چیف کو قاتلانہ حملےکی دھمکیوں کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا’، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خلاف مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم میں مصروف ہیں، ان کا دوسروں کے ذریعے آرمی چیف جنرل کو قاتلانہ حملے کی دھمکیاں دینےکا منصوبہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کے لیے پراکسیوں کے استعمال کی چال بری طرح بے نقاب ہوچکی، ریاستی علامتوں پر منصوبہ بندی سے حملے ناکام ہونے کے بعد وہ واضح طورپربے چین ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں کہ ان کی دھمکی، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہوگیا ہے، ایسی قابل مذمت حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپ کو بے نقاب کر رہے ہیں، مہم کا بنیادی مقصد ذاتی مفاد اور اقتدار پر قبضے کو ہر چیز پر ترجیح دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتیں اپنےآرمی چیف اور مسلح افواج کے پیچھےچٹان کی طرح کھڑے ہیں، افواج کے وقار، عزت اور سالمیت کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنائیں گے۔