انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی
انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے کے بعد جہاں پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ہنڈریڈ انڈیکس 2246 پوائنٹس ریکارڈ اضافے کے ساتھ 43 ہزار 899 پر بند ہوا وہیں گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی اور ڈالر 5 روپے تک سستا ہوا اور 285 روپے کا ہوگیا۔
آج منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی انٹربینک میں روپے کے سامنے ڈالر نیچے آگرا اور کاروبار شروع ہوتے ہی ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 71 پیسے کمی ہوگئی جس کے بعد ڈالر 277 روپے 78 پیسے پر فروخت ہوا۔
کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی اور ڈالر مجموعی طور پر 10 روپے 43 پیسے سستا ہوکر 275 روپے 56 پیسے کا ہوگیا۔
کاروبار کے اختتام پر انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہوکر 275.44 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک کے اس سے قبل کاروباری سیشن میں ڈالر 285.99 روپے پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک میں ڈالر 11 مئی کو 298 روپے 93 پیسے تک چلا گیا تھا جب کہ اوپن مارکیٹ میں 30 مئی کو 312 روپے تک جا پہنچا تھا تاہم اب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 280 روپے کا ہوگیا ہے۔