جہانگیر ترین کے سیاسی رابطوں میں تیزی، پنجاب سے بڑی تعداد میں شمولیت کا امکان
لاہور: پاکستان استحکام پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے وطن واپسی کے بعد ملک بھر میں سیاسی رابطے تیز کردیے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کے سیاسی رابطوں کے بعد پنجاب میں 30 سے زائد سابق ارکان اسمبلی کے پاکستان استحکام پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جہانگیر ترین اور علیم خان آئندہ چند روز میں لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں ملاقاتیں کریں گے جب کہ پارٹی قیادت کا خیبرپختونخوا کی بڑی سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی دوبارہ رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کےمطابق رواں ہفتے پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن بھی مکمل کرلی جائے گی، جہانگیر ترین اور علیم خان کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن میں درخواست دی جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت نے ممبرسازی مہم بڑے پیمانے پرشروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان استحکام پارٹی میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما علی زیدی، فواد چوہدری، عامر کیانی، عمران اسماعیل، فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی اور مراد راس سمیت دیگر شامل ہیں۔