عون چوہدری دبئی روانہ، جہانگیرترین کا اہم پیغام نواز اور آصف زرداری کوپہنچائیں گے
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری بھی دبئی روانہ ہوگئے۔
عون چوہدری دبئی میں اپنی جماعت کے سربراہ جہانگیرترین کا اہم پیغام نوازشریف اور آصف زرداری کوپہنچائیں گے۔
دبئی روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو میں عون چوہدری کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار جہانگیرترین کےخلاف گھناؤنی سازش کے مرکزی کردار تھے اور ایک اہم شخصیت نے ان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے جہانگیر ترین کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنے اقتدار کی راہ ہموار کی، جہانگیر ترین کی ریویو پٹیشن سپریم کورٹ سے مسترد کرانے میں بھی عمران خان کا ہاتھ تھا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی اب دنوں پاکستان کی سیاست کا مرکز بنا ہوا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت ان دنوں دبئی میں ہیں۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں ملاقات کی ہے۔
مریم نواز نے گزشتہ روز خصوصی میٹنگز پر پیپلزپارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا، پیپلز پارٹی اور لیگی قیادت کے درمیان آج رات بھی ملاقات کا امکان ہے۔