ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری: جوروٹ کا پہلا اور بابر اعظم کا پانچواں نمبر
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی نئی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے جو روٹ عالمی سطح پر نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے ہیں۔
ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی کی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں ردوبدل سامنے آیا ہے اور رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ پانچ درجے ترقی کے بعد پہلے نمبر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق جو روٹ نے آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین کی جگہ لے لی ہے جس کے بعدنیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دو درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبراور مارنوس لبوشین تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹر کی رینکنگ میں ٹریوس ہیڈ ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے کپتان بابراعظم کا پانچواں نمبر برقرار ہے۔
اسی طرح آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 4 درجے تنزلی کی بعد چھٹے، عثمان خواجہ رینکنگ میں2 درجے ترقی کے بعد ساتویں اور انگلینڈکے ہیری بروک 5 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے ۔
بولرز رینکنگ میں انگلینڈکے جیمز اینڈرسن دوسرے،ربادا ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے، پیٹ کمنز ایک درجے تنزلی کے بعد چوتھے، انگلینڈ کے اولی رابنسن اور آسٹریلیا کے نیتھن لیون ایک ایک درجے ترقی بالترتیب 5 ویں اور چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔