تعلقات بحالی کے بعد سعودی وزیر خارجہ پہلی بار ایران پہنچ گئے

سعودی عرب اور ایران کے درمیان خارجہ تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پہلی بار ایران پہنچ گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ آج ایران کے دورے پر دارالحکومت تہران پہنچے ہیں جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے بعد ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے اور سعودی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ایران ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ تہران کے دوران ایران میں سعودی سفارت خانہ اور قونصل خانہ دوبارہ کھلنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے 6 جون کو سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصل خانہ دوبارہ کھولا ہے۔

واضح رہےکہ سعودی عرب اور ایران کے کشیدہ تعلقات چین کی معاونت سے مارچ میں دوبارہ بحال ہوئے ہیں، ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات 2016 میں منقطع ہو گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *