نیپرا نے اپریل کے ایف سی اے میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

اسلام آباد۔ نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے۔ الیکٹرک کی اپریل 2023 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی درخواست پر 0.0472 روپے (5 پیسے) فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق صارفین کو اس کمی کا فائدہ جون 2023 کے بلوں کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔

ایف سی اے نیپرا اور حکومت پاکستان کے طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق صارفین کو بلوں کے ذریعے منتقل کیا جاتا ہے۔

ایف سی اے کا انحصار بجلی بنانے اور جنریشن مکس میں تبدیلی کے لیے استعمال ہونے والی ایندھن کی عالمی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے اور یہ نیپرا کی جانچ پڑتال اور منظوری کے بعد صارفین کو بلوں کے ذریعے صرف ایک ماہ کے لیے منتقل کیا جاتا ہے۔ ایندھن میں کمی کا فائدہ صارفین کو بھی ملتا ہے۔

کے۔ الیکٹرک ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام پاکستان بننے سے قبل 1913 میں کے ای ایس سی کے طور پر عمل میں آیا۔ 2005 میں کمپنی کی نجکاری کی گئی۔ کے۔ الیکٹرک پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے، جو کراچی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت 6500 مربع کلومیٹر علاقے کو بجلی فراہم کرتی ہے۔ کمپنی کے 66.4 فیصد حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں  لسٹڈ ہیں اور کے ای ایس پاور کی ملکیت ہیں۔ یہ سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں۔ کے۔ الیکٹرک میں حکومت پاکستان کے بھی 24.36 فیصد حصص ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *