یوٹیوب سے پیسے کمانا صارفین کیلئے زیادہ آسان ہوگیا
ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے صارفین کے لیے آمدنی کا حصول مزید آسان بنا دیا ہے۔
گوگل کی زیرملکیت ویڈیو سروس سے آمدنی کمانے کے خواہشمند افراد کے لیے یوٹیوب پارٹنر پروگرام (وائے پی پی) میں شمولیت کا عمل زیادہ آسان کیا جا رہا ہے۔
ابھی تک یوٹیوب کے اس کریٹیر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے ایک ہزار سبسکرائبرز کا ہونا ضروری تھا۔
اسی طرح ایک سال کے دوران طویل ویڈیوز کے 4 ہزار گھنٹوں کے ویوز یا ایک کروڑ شارٹس (مختصر ویڈیوز) ویوز کی شرط پوری کرنا ہوتی تھی۔
مگر اب کمپنی نے پارٹنر پروگرام میں شمولیت کی شرائط کو نرم کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق وائے پی پی کا حصہ بننے کے خواہشمند افراد کو 500 سبسکرائبرز، گزشتہ 90 دن میں 3 پبلک ویڈیوز کی پوسٹنگ اور ایک سال میں طویل ویڈیو کے 3 ہزار گھنٹوں کے ویوز یا 30 لاکھ شارٹس ویوز جیسی شرائط پورا کرنا ہوں گی۔
شرائط پوری کرنے والے صارفین وائے پی پی پروگرام کا حصہ بننے کے لیے درخواست دے سکیں گے، جس کے بعد وہ آمدنی کے حصول کے مختلف ذرائع جیسے سپر تھینکس، سپر چیٹ، سپر اسٹیکرز اور چینل ممبر شپ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
یوٹیوب کی جانب سے ابتدائی طور پر امریکا، برطانیہ، کینیڈا، تائیوان اور جنوبی کوریا کے صارفین کے لیے وائے پی پی کی شرائط کو نرم کیا گیا ہے۔
مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ بہت جلد دیگر ممالک کے افراد کو بھی اس پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق نئے پروگرام کے حوالے سے مزید تفصیلات آئندہ ہفتے ایک کانفرنس کے دوران بتائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ 2023 کے آغاز میں کمپنی کی جانب سے یوٹیوب شارٹس کے لیے ریویو شیئرنگ پروگرام کو متعارف کرایا گیا تھا۔
اس مقصد کے لیے یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں تبدیلی کی گئی تھی تاکہ صارفین مختصر ویڈیوز سے بھی پیسے کما سکیں۔
شارٹس پوسٹ کرنے والے تمام ایسے صارفین اس پارٹنر پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد گزشتہ 90 دن کے دوران ایک ہزار جبکہ شارٹس ویوز ایک کروڑ ہوں۔