کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے: شاہ محمود
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔
جیل حکام کے مطابق شاہ محمود قریشی کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کارکنوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، آزمائش اور مشکل وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کروں گا جس کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا۔
ان کا کہنا تھاکہ ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، قید میں ہوتے ہوئے کیسے نقص امن کیلئے خطرہ بن سکتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شاہ محمود کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔
اب لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کے احکامات دیے تھے اور عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم پی او کے آرڈر کالعدم قرار دیے تھے۔