خلا میں جانیوالی پہلی عرب خاتون مشن کامیابی سے مکمل کر کے زمین پر واپس آگئیں
خلا میں جانے والی پہلی عرب اور سعودی خاتون ریانا برناوی ساتھیوں کے ہمراہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر اپنا سائنسی تحقیقی مشن کامیابی سے مکمل کر کے واپس زمین پر آگئیں۔
سعودی خلاباز ریانا برناوی، ان کے سعودی ساتھی علی القرنی اور دو امریکی خلانوردوں کی ٹیم نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 8 روز گزارے۔
ایکس ٹو مشن میں چاروں خلابازوں نے انسانی صحت، مائع اور مائیکرو گریویٹی سے متعلق 14 تجربات کیے۔
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ڈریگن کیپسول کے زمین پر واپسی کا 12 گھنٹے کا سفر بہت سے سعودی شہریوں نے براہ راست دیکھا، امریکا میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر السعود نے سعودی خلانوردوں کے خلا میں تحقیقی مشن پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق منگل کی رات خلا سے فلوریڈامیں ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر پہنچنے کے بعد سعودی خلاباز ریانا برناوی اور علی القرنی ہیوسٹن ائیرپورٹ پہنچے جہاں وہ مائیکرو گریوٹی ماحول سے واپس آنے کے بعد ری ہیبلیٹیشن کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔