جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یوم تکریم شہدا منایا جارہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کا اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یوم تکریم شہدا کی مرکزی تقریب جنرلز ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور جوانوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پولیس لائنز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس کے شہدا کے لواحقین سے خطاب کیا۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، فوج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے، عوام اور فوج شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، شہدا جنہیں اللہ نےحیاتِ جاوداں عطا فرمائی اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔