وہ نئی ٹیکنالوجی جو بل گیٹس کے مطابق گوگل سرچ کا خاتمہ کردے گی
گوگل سرچ انجن کو انٹرنیٹ کا حکمران تصور کیا جاتا ہے مگر ایک نئی ٹیکنالوجی بہت جلد اس کے خاتمے کا باعث بن جائے گی۔
یہ پیشگوئی مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کی۔
سان فرانسسکو میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے خیال ظاہر کیا کہ اگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا ارتقا موجودہ رفتار سے جاری رہا تو مستقبل قریب میں گوگل سرچ اور ایمازون جیسی سروسز ماضی کا قصہ بن جائیں گی۔
ان کا ماننا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی ابھی بھی مستقبل کی معیشت کو تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک نیا اے آئی ٹول انسانی سوچ کے انداز، ضروریات اور احساسات کو سمجھنے کے قابل ہو گیا تو اس سے انسانی رویے تبدیل ہو جائیں گے۔
بل گیٹس نے کہا کہ ‘آپ پھر کبھی سرچ سائٹ پر نہیں جائیں گے، آپ کبھی ایمازون کا رخ نہیں کریں گے’۔
اے آئی کے شعبے میں کمپنیوں کے درمیان مسابقت کے باوجود بل گیٹس نے توقع ظاہر کی کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے انقلاب برپا کرنے والے اے آئی ٹول کی تیاری میں قائدانہ کردار ادا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘مجھے اس وقت مایوسی ہوگی اگر مائیکرو سافٹ ایسا نہ کرسکے’۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ طاقتور اے آئی ٹولز سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بزنس ماڈلز متاثر ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی انتباہ کیا کہ مستقبل میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس روبوٹس لوگوں کو ملازمتوں سے محروم کر سکتے ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کے مطابق اس طرح کی اے آئی ٹیکنالوجی صنعتی کاموں کے لیے سستی اور مؤثر ثابت ہوگی جبکہ وائٹ کالر ملازمتیں کرنے والے افراد کو بھی اس ٹیکنالوجی سے خطرے کا سامنا ہوگا۔