9 مئی کےکیسز کیلئے نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں: وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ 9 مئی کے کیسز کے لیے نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں ، پہلے سے قانون اور عدالتیں موجود ہیں انہیں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔
سیالکوٹ میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلیے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم کسی کے بنیادی حقوق نہیں چھین رہے اور نہ سیاسی مقاصد کے لیے قانون کا استعمال ہوگا، جن شر پسندوں کی فوجی املاک پر حملوں کی ویڈیوز ہیں ان پر مقدمات چلیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک سیاسی رہنما اور لیڈر افواج کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، افواج کو ٹارگٹ کرنے میں وہ بیرونی افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں، فوجی جوان وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے وجود پہ حملہ کیا گیا تھا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ بھارت کے مقاصد میں شامل ہے، جب ایک ٹولہ مقدس یادگاروں پر حملہ کرے تو شہدا کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی کسی کی وفاداری پر شک نہیں کرتا، لیکن 9 مئی کو جنہوں نے حملہ کیا مجھے ان کی نیت پر شک ہے۔