تحریک انصاف کا میئرکراچی کیلئے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئرکراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف میئرکراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرےگی۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے، منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کرایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی، اب عجلت میں میئرکا انتخاب کرانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغوا کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتیں کے عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دی ہے۔
خیال رہےکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں کل 246 میں سے 240 نشستوں کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 98، جماعت اسلامی نے87 اور تحریک انصاف نے43 سیٹں جیتی ہیں جب کہ ن لیگ نے 7، جے یوآئی نے 3 ،تحریک لبیک اور آزادامیدوار نے ایک ایک سیٹ جیتی ہے۔
اس کے علاوہ 6 یونین کمیٹیز کی نشستوں پر نتائج کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔