پی ڈی ایم دھرنا، کارکنان ریڈزون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے سامنےموجود
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے دھرنے کی کال پر کارکنان سپریم کورٹ کے سامنے پہنچ چکے ہیں جب کہ پی ڈی ایم قیادت بھی دھرنے میں پہنچ چکی ہے۔
پی ڈی ایم کے دھرنے میں اتحادی جماعتوں کی قیادت بھی پہنچ رہی ہے جس میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز دھرنے میں پہنچ چکی ہیں۔
اس سے قبل حکومت اور جے یو آئی (ف) میں مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو واضح کیا ہےکہ احتجاج سپریم کورٹ کےسامنے ہی ہوگا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ دھرنے کا اسٹیج سپریم کورٹ سے تھوڑا پیچھے لگوائیں گے، الیکشن کمیشن یا وزیراعظم ہاؤس کے سامنے اسٹیج لگ جائے تو اعتراض نہیں، سپریم کورٹ کی انٹری یا بالکل سامنے اسٹیج نہ لگایا جائے یہی حکمت عملی ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر جے یو آئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے قافلے پنجاب کےمختلف شہروں سے اسلام آباد آمد جاری ہے۔
فیصل آباد، سرگودھا، جہانیاں، حافظ آباد، میانوالی، خانیوال، بہاولپور، راولپنڈی اور دیگر شہروں سے (ن) لیگ، پی پی اور جے یو آئی کے قافلے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکن انفرادی طور پر اسلام آباد روانہ ہوئے، میانوالی میں (ن) لیگ کا بڑا قافلہ روکھڑی ہاؤس سے اسلام آباد دھرنے کےلیے روانہ ہوا۔
ادھر پی ڈی ایم کارکنان نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی جہاں نادرا چوک پر پہنچے والےکارکنان کو پولیس نے واپس بھیج دیا، پولیس نے کارکنان کو مارگلہ روڈ یا ایوب چوک سے ریڈزون میں داخلےکی ہدایت کی ہے۔
جے یو آئی کے کارکنان ریڈزون پولیس کی رکاوٹیں توڑتے ہوئے ریڈزون میں داخل ہوئے اور سپریم کورٹ کے سامنے موجود ہیں۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں تمام صورتحال معمول کے مطابق رواں دواں ہے، انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک مکمل طور پر بند ہے جب کہ سپریم کورٹ کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
انتظامیہ نے سرینا چوک سے پارلیمنٹ جانے والا راستہ بند کردیا ہے اور سریناچوک سے شاہراہ دستور جانےوالی ٹریفک کو بھی روک دیا گیا۔