پارلیمنٹ ہی سپریم ہے سب کو اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑےگا: بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ پارلیمنٹ ہی سپریم ہے سب کو اس کے سامنے سر تسلیم خم کرنا پڑےگا۔
ایک بیان میں بلاول کا کہنا تھا کہ 14 مئی پاکستان اور جمہوریت کے لیے تاریخ ساز دن ہے، آج کے دن بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت کی دستاویز پر دستخط کیے، میثاق جمہوریت پر ثابت قدمی سے عمل کرنے سے ملک کے وقار میں اضافہ اور جمہوریت مضبوط ہوئی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے اختیارات پارلیمان کے حوالے کیے، 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور تمام اکائیوں کے درمیان ایک میثاق ہے، آج پارلیمان پر حملے ہو رہے ہیں اور اس کے اختیارات کو چیلنج کیا جا رہا ہے، نیا آئین لکھا جا رہا ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی کو کسی صورت منظور نہیں، آئین سازی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے باقی اداروں کا فرض ہےکہ وہ پارلیمان کے منظور کردہ قانون پر عمل کریں، اراکین پارلیمنٹ اور جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں با اختیار پارلیمنٹ کے اصول پر ایک صفحہ پر ہیں، میثاق جمہوریت پر سختی اور ثابت قدمی پر عمل سے غیر جمہوری سوچ کو شکست دینی ہوگی۔