جلد کو جواں رکھنے والے مشروبات
خوبصورت اور چمکتی ہوئی جلد ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے، جس کیلئے لوگ کافی محنت بھی کرتے ہیں اور مختلف ٹوٹکے بھی آزماتے ہیں لیکن آج ہم آپ کو ایسے آسان مشروبات بتاتے ہیں جن کو پینے سے آپ باآسانی اپنی جلد کو جوان رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین جلد کو جوان رکھنے کیلئے زیادہ پانی، سبزیوں اور پھلوں سے بنے مشروبات کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں تو آئیے جانتے ہیں وہ مشروبات کون سے ہیں۔
ٹماٹر کا جوس:
ٹماٹر کے جوس میں lycopene نامی اینٹی آکسیڈینٹ پایا جاتا ہے یہ دھوپ سے جلد کو پہنچنے والے نقصان سے بچاتا ہے۔
لیموں کا جوس:
لیموں کا جوس جسے ہم لیموں پانی بھی کہتے ہیں ہماری جلد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے، لیموں پانی ہمارے جسم کو ڈیٹوکسیفائی کرتا ہے یعنی جسم سے خراب یا زہریلے مادوں کو ختم کرتا ہے اور جلد کے مسائل کو بھی دور کرتا ہے۔
ایلو ویرا کا جوس:
ایلو ویرا کے رس کے بارے میں سوچ کر آپ کے ذہن میں اس کے کڑوے ذائقے کا خیال آئے گا لیکن کیا آپ کو معلوم ہے اس میں قدرت نے بےشمار فائدے چھپا رکھے ہیں، ایلو ویرا میں وٹامنز، منرلز اور امینو ایسڈ (amino acid) پایا جاتا ہے جو جلد کو نرم وملائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
گاجر اور چقندر کا جوس:
گاجر نہ صرف آنکھوں بلکہ جلد کیلئے بھی فائدہ مند ہے اور اگر اس میں چقندر بھی شامل کردیا جائے تو یقیناً آپ کو بہترین نتائج ملے گا، گاجر میں وٹامنز اے کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جو جلد کی خوبصورتی کو بڑھاتی ہے۔
انار کا جوس:
انار کھانے میں جتنا خوش ذائقہ ہے اتنا ہی فائدے مند بھی ہے، انار آپ کی جلد کو قبل از وقت بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے۔