ایشیا کپ کی میزبانی کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا
ایشیا کپ کی میزبانی کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کو دی جا سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان اور یو اے ای ٹیم بھیجنے کو تیار نہیں، ستمبر میں یو اے ای میں موسم انتہائی گرم رہتا ہے، ورلڈکپ سے پہلے یو اے ای میں ٹورنامنٹ کے انعقاد پر باقی ممبرز ممالک نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے گزشتہ اجلاس میں عمان نے بھی ایشیا کپ کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے سری لنکا ایک مناسب وینیو ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی میں 2018 میں ہونے والے ایشیا کپ میں کھلاڑیوں کو موسم کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کا فیصلہ جے شاہ کی انڈین ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے وقت سے ٹیبل پر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کا حتمی فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک کیا جا سکتا ہے، بنگلا دیش، افغانستان اور سری لنکا ایشیا کپ سری لنکا میں کروانے کی حمایت کر چکے ہیں، ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی کے بعد میچز دمبولا اور پالی کیلے میں ہوسکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایشیا کپ سری لنکا میں ہوا تو ایونٹ میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہے، پاکستان ایشیا کپ کی منتقلی پر ایونٹ کا بائیکاٹ کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پی سی بی واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہی ہوگا، پی سی بی بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہائبرڈ ماڈل کی تجویز بھی دے چکا ہے، پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر براڈکاسٹرز کو بھی تحفظات ہیں، چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی اے سی سی عہدیداران سے ملاقات کیلئے دبئی میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی میڈیا کی خبروں سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔