پی سی بی کیخلاف لابنگ، سری لنکا اور بنگلادیش بھی بھارت کا ساتھ دینےکو تیار
ایشیاکپ کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کوئی لچک دکھانے کے لیے تیار نہیں، ایشین کرکٹ کونسل کا ایشیاکپ کے لیے حتمی اجلاس محض ایک رسمی کارروائی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے خلاف ایشین کرکٹ کونسل میں لابنگ مکمل کرلی، ایشیاکپ کے لیے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو ماننے کے لیے بی سی سی آئی تیار نہیں، سربراہ بی سی سی آئی جے شاہ پاکستان میں ایشیاکپ کا ایک بھی میچ کروانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کو مودی سرکار کی جانب سے پاکستان کے لیے سخت مؤقف اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایشیاکپ میں پاکستان کے نہ کھیلنے کی دھمکی سے بھی جےشاہ کو کوئی فرق نہیں پڑےگا،پاکستان کی ایشیاکپ میں عدم شرکت پر متحدہ عرب امارات کو ٹورنامنٹ میں شامل کرلیاجائےگا۔
جے شاہ نے ایشیا کپ کی انڈین براڈکاسٹنگ کمپنی کو چپ کروانے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا ہے، جےشاہ کا ایشیا کپ میں پاکستان کی عدم شرکت سے انڈین براڈکاسٹنگ کمپنی کے مالی نقصان کا ازالہ بھارتی سیریز میں کرنےکا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ایشیاکپ کے لیے سری لنکا اور بنگلا دیش بھی جے شاہ کے مؤقف کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔
ایشیاکپ کی میزبانی کے لیے سری لنکا اور بنگلا دیش نے جے شاہ کو اپنی دستیابی سے آگاہ کردیا ہے۔