ترکیے کے صدر کا نیوکلیئر اسٹیٹس حاصل کرنے کا اعلان

ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے باقاعدہ طور پر نیوکلیئر اسٹیٹس حاصل کر لیا ہے۔

ترکیے کے سرکاری میڈیا کے مطابق اکویو پاور پلانٹ سے نیوکلیئر فیول کی پلانٹ سائٹ تک کامیابی سے منتقلی کے بعد ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ترکیے کے نیوکلیئر اسٹیٹس کا اعلان کیا۔

رجب طیب اردوان نے نیوکلیئر فیول کی منتقلی کی تقریب میں ورچوئل شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ فضا اور سمندر کے رستے نیوکلیئر فیول کی کامیابی سے ترسیل کے بعد اکویو پلانٹ نے باقاعدہ طور پر نیوکلیئر اسٹیٹس حاصل کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ترکیے اب ان ممالک کی صف میں کھڑا ہو چکا ہے جو دنیا میں نیوکلیئر پاور رکھتے ہیں، اگرچہ ہم نے 60 سال کی تاخیر سے ہی یہ درجہ حاصل کیا ہے۔

خیال رہے کہ روس اور ترکیے میں مئی 2010 میں پلانٹ کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پایا تھا اور پھر اپریل 2018 میں اس کے ایک یونٹ کی تعمیر شروع ہوئی تھی۔

ترکیے کے صدر کا کہنا تھا دنیا میں 422 نیوکلیئر ری ایکٹرز آپریشنل ہیں جن میں سے 57 اب بھی زیر تعمیر ہیں اور یورپی یونین اپنی بجلی کی پیداوار کا 25 فیصد نیوکلیئر ذرائع سے حاصل کرتا ہے۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا بہت سے دیگر پراجیکٹس کی طرح اکویو پاور پلانٹ کو اس ماڈل پر بنایا گیا ہے کہ اس کا قومی بجٹ پر کوئی بوجھ نہ پڑے، اکویو ہمارا روس کے ساتھ سب سے بڑا مشترکہ منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ناصرف ترکیے کی قدرتی گیس درآمد ایک اعشاریہ 5 ارب ڈالر کم ہو گی بلکہ اس سے قومی آمدن پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ترکیے کے صدر کا کہنا تھا اس پاور پلانٹ کی تعمیر کے تجربے کے بعد ہم جلد از جلد دوسرے اور تیسرے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے اقدامات کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *