پاکستان میں مہنگائی کے باعث حج کرنیوالےکم پڑگئے،کوٹہ واپس کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد: مہنگائی کے باعث پاکستان میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہےکہ حج کوٹہ دستیاب ہے لیکن حج کرنے والےکم پڑگئے ہیں۔
ڈالر کی قلت اور مہنگائی سے پاکستانیوں کے لیے حج ادائیگی بھی مشکل ہوگئی ہے۔
ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہےکہ حکومت نے استعمال نہ کیا جانے والا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنےکا فیصلہ کیا ہے، حج کوٹہ واپسی کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں نہیں دے سکے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ درخواستوں کی کم وصولی پر سرکاری حج کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم مسئلہ یہ ہےکہ پرائیویٹ حج آپریٹرز اضافی کوٹہ ملنے پر مارکیٹ سے ڈالر لیں گے اور اوپن مارکیٹ سے خریداری پر ڈالرکی غیر ضروری طلب بڑھ جائےگی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ پاکستان کا مطالبہ رہا ہےکہ حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 سے بڑھا کر 2 لاکھ 10 سے 20 ہزار کیا جائے، پاکستان کو کئی برس بعد 1 لاکھ 79 ہزارکا پورا حج کوٹہ ملا تھا جسے مکمل استعمال نہ کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 89 ہزار 605 عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا گیا، سرکاری حج اسکیم کے لیےکوٹے سے تقریباً 9 ہزار کم درخواستیں موصول ہوئیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت 72 ہزار 869 اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد 8 ہزار رہی، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت44 ہزار 190 کےکوٹے پر 28 ہزار 679 اضافی درخواستیں آئیں، سرکاری ریگولر اسکیم کے تحت اضافی درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پربھیجا جا رہا ہے۔
ذرائع مذہبی امور نے بتایا ہےکہ سرکاری اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 235 ملین ڈالر درکار ہیں،کچھ ڈالر اسپانسرشپ اسکیم اور باقی حکومت فراہم کر رہی ہے۔