پہلی بار ایک مسلم ملک کا مشن چاند پر اترنے کیلئے تیار
پہلی بار ایک مسلم ملک کا مشن چاند پر اترنے کے لیے تیار ہے۔ خیال رہے کہ اب تک کوئی مسلم ملک چاند کی سطح پر خلائی مشن بھیج نہیں سکا۔
مگر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) چاند کی سطح تک پہنچنے والا پہلا مسلم ملک بننے کے قریب ہے۔
یو اے ای کا راشد نامی روور (Rover) جاپانی کمپنی آئی اسپیس کے Hakuto-R لینڈر کے ساتھ 25 اپریل کی شب چاند کی سطح پر اترے گا۔
یہ پہلی بار ہے جب ایک نجی کمپنی کا لینڈر چاند کی سطح پر اترے گا۔
اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو یہ لینڈر رات ساڑھے 9 بجے کے قریب چاند پر اتر جائے گا۔
البتہ حالات لینڈنگ کے لیے موزوں نہ ہوئے تو آئی اسپیس نے 26 اپریل، یکم یا 3 مئی کی متبادل تاریخوں پر بھی مشن کو اتارنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ یو اے ای کے اس مشن کو ایک جاپانی کمپنی آئی اسپیس کے لینڈر کے ساتھ دسمبر 2022 میں امریکی کمپنی اسپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا تھا۔
یو اے ای اس سے قبل مریخ پر مشن کو کامیابی سے بھیج چکا ہے مگر اب وہ چاند کی سطح پر روور کو اتارنا چاہتا ہے۔
اس روور میں 2 ہائی ریزولوشن کیمرے، مائیکرو اسکوپک کیمرے، تھرمل امیج کیمرے اور دیگر ڈیوائسز نصب ہیں اور اس کی مدد سے چاند کی سطح پر تحقیق کی جائے گی۔
راشد روور کے ساتھ جاپانی لینڈر 2 کینیڈین کمپنیوں کے ایک آرٹی فیشل انٹیلی جنس سسٹم اور ایک ملٹی کیمرا امیجنگ سسٹم کو بھی چاند کی سطح پر لے کر جا رہا ہے۔
جاپانی کمپنی کی جانب سے چاند سے سطح سے گرد کو اکٹھا کرکے امریکی خلائی ادارے ناسا کو فروخت کیا جائے گا۔
اس طرح یہ پہلی بار ہوگا جب چاند کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
چاند پر اترنا بھی آسان نہیں کیونکہ ایسے ایک تہائی سے زیادہ مشنز ناکام رہتے ہیں۔
اب تک صرف امریکا، چین اور روس کے مشن ہی چاند پر اترنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
حالیہ برسوں میں بھارت اور اسرائیل کے چاند پر بھیجے جانے والے مشنز کو ناکامی کا سامنا ہوا تھا۔