عمران خان جتنا مرضی زور لگالیں، 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان جتنا مرضی زور لگالیں، 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، انتخابات مقررہ وقت پر اسی سال ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا، حلقے کے عوام نے ہر بار مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، 2018 میں میرے حلقے کو 3 جگہ تقسیم کیا گیا، ہم نےلوگوں کی خدمت کی تھی ان کا مقصد تھا کہ ہمیں کمزور کیا جائے، آج میرے پاس کوئی عہدہ ہے تو وہ آپ کی خدمت کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا مرضی زور لگائیں، 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے، انتخابات اکٹھے ہوں گے اور مقررہ وقت پر اسی سال ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے 4 سال میں جو کیا آپ کے سامنے ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا گیا کہاں ہیں نوکریاں؟ کوئی گھر نظر نہیں آرہا، کہا گیا 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ جیسے ہی الیکشن شروع ہوگا نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک فتنے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے، اس فتنے کو سازش کے ذریعے مسلط کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اسٹیٹ بینک کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کیلئے 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔