دہشتگردی کے مکمل خاتمےکیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ مؤقف اپنانےکی ضرورت ہے: پاک فوج
راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمےکیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ مؤقف اپنانےکی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 257 ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملکی داخلی و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اندرونی اورخطے کے سکیورٹی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ عسکری قیادت درپیش چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور عسکری قیادت عوام کے تعاون سے اپنی آئینی ذمے داریاں نبھانے کا عزم کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا جواب دینے کےلیے ہمہ وقت تیار ہے، سکیورٹی فورسز مغربی سرحدی علاقوں میں خفیہ آپریشنز کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہاکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمےکیلئے قوم اور حکومت کو مشترکہ مؤقف اپنانےکی ضرورت ہے، حکومت نے دہشتگردوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کی مہم کی منظوری دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی جانب سے طے کردہ اہداف کے حصول کے لیے مکمل عزم کی یقین دہانی کرائی۔