دنیا کا پہلا ویب براؤزر جس میں محض لکھ کر پسند کی تصاویر بنانا ممکن
مائیکرو سافٹ کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ٹولز کو اپنی پراڈکٹس میں شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب اس کمپنی نے محض لکھ کر تصاویر بنانے والی امیج کریٹیر ٹول کو مائیکرو سافٹ ایج براؤزر کا حصہ بنا دیا ہے۔
خیال رہے کہ امیج کریٹیر نامی یہ ٹول چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کے ڈیل ای ماڈل پر مبنی ہے۔
مائیکرو سافٹ نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس نئے فیچر سے آپ کو ایسی تصاویر تیار کرنے کا موقع ملے گا جو حقیقت میں موجود ہی نہیں ہوتیں۔
اس ٹول سے آپ تحریری ہدایات دے کر اے آئی ٹیکنالوجی سے اپنی مرضی کی تصاویر تیار کرا سکتے ہیں۔
یہ ٹول مائیکرو سافٹ ایج کے سائیڈ بار میں موجود ہے اور کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا پہلا براؤزر ہے جس میں اے آئی امیج جنریٹر کو شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈیل ای بھی چیٹ جی پی ٹی جیسا اے آئی ٹول ہے مگر یہ تصاویر بنانے کا کام کرتا ہے۔
ایج براؤزر کے تازہ ترین ورژن پر اسے استعمال کرنے کے لیے مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ ضروری ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ ٹول بنگ چیٹ میں بھی دستیاب ہے۔
مائیکرو سافٹ نے اس سے قبل اوپن اے آئی سے کے تیار کردہ نئے ماڈل چیٹ جی پی ٹی 4 کو بھی بنگ سرچ انجن کا حصہ بنایا تھا۔
چیٹ جی پی ٹی کے اضافے کی وجہ سے بنگ سرچ انجن کے صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اسے روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد 10 کروڑ سے زیادہ ہوگئی ہے۔