سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کی ملاقات، سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب اور ایرا ن کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں ممالک سفارت خانے اور قونصل خانےدوبارہ کھولنے کے انتظامات کرنے پر رضامند ہوگئے۔
چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے درمیان ملاقات ہوئی۔
یہ ملاقات سات سال سے زائد عرصے میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین سطح پر پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرائےخارجہ نے سفارتی تعلقات کےفروغ، دونوں ممالک میں سفارتخانے اور قونصل خانے کھولنے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
چینی میڈیا کے مطابق سعودی عرب، ایران کے وزرائےخارجہ نے چینی ہم منصب سےبھی ملاقات کی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ بیان بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کے انتظامات کرنے پر رضامند ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب اور ایران کےدرمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے ویزوں کی سہولت فراہم کرنے پربھی اتفاق ہوا ہے۔
ملاقات میں سعودی، ایرانی سرکاری اور نجی شعبوں کے وفود کے دورے بھی دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق سعودی عرب، ایران کے وزرائےخارجہ کی ملاقات کے بعد ایرانی صدر کا دورہ سعودی عرب متوقع ہے۔
ایرانی نائب صدرکا کہنا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے اقدامات محض اتفاق نہیں بلکہ منصوبہ بندی کےتحت ہوئے، پڑوسی ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے جس پر عمل کریں گے۔