کوہ ہمالیہ کے گلیشیئرز کے حجم میں 20 برسوں کے دوران ریکارڈ کمی
سائنسدانوں نے کوہ ہمالیہ کے گلیشیئرز کے حجم میں آنے والی کمی کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 20 برسوں کے دوران ہمالیہ کے گلیشیئرز کے حجم میں اتنی کمی آچکی ہے جو 57 کروڑ ہاتھیوں کے برابرہے۔
برطانیہ کی سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی، آسٹریا کی Graz یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، چین کی چائنیر اکیڈمی آف سائنسز اور امریکا کی کارنیگی میلون یونیورسٹی کی اس مشترکہ تحقیق میں گلیشیئرز کے حجم میں آنے والی کمی پر روشنی ڈالی گئی۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ہمالیہ کے گلیشیئرز کے حجم 6.5 فیصد کمی آچکی ہے۔
تحقیق کے مطابق وسطی ہمالیہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں گلیشیئرز پگھلنے سے بننے والی جھیلیں تیزی سے بن رہی ہیں۔
محققین نے بتایا کہ تحقیق کے نتائج سے گلیشیئرز کے مجموعی حجم میں کمی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ختم ہوگی اور پانی کے وسائل کے انتظام کے حوالے سے معاونت مل سکے گی۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ 2000 سے 2020 تک خطے میں جھیلوں کی تعداد میں 47 فیصد، ان کے رقبے میں 33 فیصد جبکہ پانی کی مقدار میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جھیلوں میں یہ اضافہ بہت بڑ ے پیمانے پر گلیشیئرز کے حجم میں آنے والی کمی کا نتیجہ ہے۔
محققین نے کہا کہ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آخر گلیشیئرز کے حجم میں کمی آنے کی وجوہات کیا ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر جیو سائنس میں شائع ہوئے۔