ڈبلیو ڈبلیو ای کو اس کی مخالف کمپنی نے خرید لیا

دنیا کی مشہور ترین ریسلنگ کمپنی ڈبلیو ڈبلیو ای کو اس کی مخالف کمپنی نے خرید لیا ہے۔

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ المعروف ڈبلیو ڈبلیو ای کو Endeavor Group نے خرید لیا ہے جس کے پاس پہلے ہی مکسڈ مارشل آرٹس مقابلوں کے لیے مشہور کمپنی یو ایف سی کی ملکیت بھی ہے۔

دونوں کمپنیاں مل کر ایک نئی مشترکہ کمپنی قائم کریں گی جس کی مجموعی مالیت 21 ارب ڈالرز سے زیادہ ہوگی۔

اس کمپنی میں یو ایف سی کی مالیت 12.1 ارب ڈالرز جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی 9.3 ارب ڈالرز ہوگی۔

اس نئی مشترکہ کمپنی کے 51 فیصد حصص Endeavor Group کے پاس ہوں گے جبکہ باقی 49 فیصد شیئرز کی ملکیت ڈبلیو ڈبلیو ای کے حصے میں آئے گی۔

Endeavor Group نے 2021 میں یو ایف سی کو خریدا تھا اور اب ڈبلیو ڈبلیو ای کو بھی خرید لیا ہے۔

یہ معاہدہ 3 اپریل کو طے پایا جس کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں ونس مکموہن اور ان کے خاندان کا غلبہ ختم ہوگیا ہے۔

ونس مکموہن نے 1980 کی دہائی میں اس کمپنی کو اپنے والد سے خریدا تھا اور پھر اسے ایک انٹرٹینمنٹ سلطنت میں تبدیل کر دیا تھا۔

ونس مکموہن کو جنسی ہراسگی کے اسکینڈل کے باعث 2022 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا، جس کے بعد ایسے اخراجات کا انکشاف ہوا جو پہلے رپورٹ نہیں ہوئے تھے، جس کے باعث کمپنی کو 3 سال کے لیے مالی معاملات پر نظرثانی کرنی پڑی۔

ونس مکموہن جنوری میں ایک بار پھر ڈبلیو ڈبلیو ای کے بورڈ رکن کے طور پر واپس آئے جس کا مقصد کمپنی کی فروخت تھا۔