انتخابات ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں: شہباز شریف

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں ہیں۔

لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان، سردار ایاز صادق، عطا اللہ تارڑ اور احد چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ میں جاری مقدمات اور سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی جبکہ وفاقی وزیراعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ میں الیکشن سے متعلق سماعت پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں کل کی سماعت سے متعلق آئینی و قانونی پہلوؤں پر غور کیا گیا، فل بینچ کی استدعا مسترد ہونے پر نظرثانی درخواست سے متعلق بھی قانونی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، شہباز شریف کا کہنا تھا الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے شہباز شریف نے کہا کہ ہم ملکی معیشت ٹھیک کرنے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے، ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں ہے، سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہو گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازع بنانے کا جرم کیا، پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا، امید ہے دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہوگا، چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لیے محبت اور تعاون ناقابل فراموش ہے۔