نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کا امکان

نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال کرکٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کا امکان ہے۔

افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیزیز کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے مشاورت جاری ہے اور ہارون رشید کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کم از کم 3 سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کا امکان ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں تمام سینیئرز کی واپسی ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ احسان اللہ کو ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان، طیب طاہر اور محمد وسیم جونیئر کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب میں سے ایک کھلاڑی جگہ برقرار رکھ سکے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 14 اپریل سے لاہور میں شروع ہو گی۔