ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت کا اعزاز ایلون مسک کے نام
ایلون مسک ٹوئٹر کو مالی طور پر مضبوط کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ کرنا آسان نہیں مگر وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے صارف ضرور بن گئے ہیں۔
ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے امریکا کے سابق صدر باراک اوباما کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو خریدا تھا، مگر وہ کئی برسوں سے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بہت زیادہ متحرک ہیں۔
ٹوئٹر پر ایلون مسک اور باراک اوباما کے فالوورز کی تعداد 13 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ ہے، تاہم دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کو چند لاکھ کی برتری حاصل ہے۔
ایک اندازے کے مطابق ایلون مسک کے فالوورز کی تعداد میں اوسطاً روزانہ ایک لاکھ کا اضافہ ہو رہا ہے۔
ایلون مسک اور باراک اوباما کے بعد تیسرا سب سے زیادہ فالو کیے جانے والا اکاؤنٹ گلوکار جسٹن بیبر کا ہے جن کے فالوورز کی تعداد 11 کروڑ سے زائد ہے۔
گلوکارہ کیٹی پیری، ریحانہ اور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے فالوورز کی تعداد بھی 10 کروڑ سے زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کے مجموعی صارفین کی تعداد 55 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ ہے۔