کے پی الیکشن ملتوی کیس کیلئے حکومتی اتحاد نے اہم فیصلہ کرلیا

اسلام آباد:  پنجاب اور  خیبرپختونخوا (کے پی) میں انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پاکستان  تحریک انصاف  (پی ٹی آئی) کی سپریم کورٹ میں درخواست کے کیس میں حکومتی اتحاد نے فریق بننے کا فیصلہ کرلیا۔

حکومتی اتحاد کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں مسلم لیگ ن،  پیپلزپارٹی اور  جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی)  نے اپنا موقف عدالت میں پیش کریں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5  رکنی لارجر  بینچ  آج دوبارہ  سماعت کر رہا ہے،  بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر ، جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔

آج سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس پاکستان نےکہا کہ اس سماعت کو بہت لٹکانا نہیں چاہتے،کل کے حکم نامے کے مطابق الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیارکو دیکھنا ہے، سیاسی جماعتوں کے فریق بننے کا معاملہ بعد میں دیکھیں گے، رول آف لاء اور جمہوریت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، آج کل سیاسی پارہ بہت اوپر ہے،گزشتہ روز یہ درخواست کی تھی کہ سیاسی جماعتیں یقین دہانی کرائیں، آپس میں برداشت، تحمل اور امن وامان کی صورتحال ہونی چاہیے۔