اب کمپیوٹر پر بھی واٹس ایپ گروپ کالز کرنا ممکن

واٹس ایپ نے ونڈوز کمپیوٹرز کے لیے نئی ایپ متعارف کرا دی ہے جس سے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر گروپ کالز کرنا ممکن ہو گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق پرانی ایپ کے مقابلے میں اس نئے ورژن میں کالنگ فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اس کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

یہ نئی ایپ ملٹی ڈیوائس سپورٹ بھی فراہم کرتی ہے، یعنی اگر آپ کا فون بند ہو تو بھی اس کا استعمال ممکن ہے۔

مارک زکربرگ نے انسٹاگرام پوسٹ میں اس ایپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی ونڈو ایپ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ گروپ کالنگ کو ان ایبل کیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کے لیے اس ونڈوز ایپ میں 8 افراد سے ویڈیو جبکہ 32 افراد سے آڈیو کال کرنا ممکن ہوگا۔

کمپنی نے بتایا کہ اس سے صارفین کے لیے ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرتے ہوئے گروپ کالز میں شامل ہونا آسان ہو جائے گا۔

واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر کے اعلان کے بعد سے ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل 22 مارچ کو واٹس ایپ کی جانب سے گروپس سے متعلق نئے فیچرز متعارف کرائے گئے تھے۔

ان میں سے ایک فیچر ایڈمن کنٹرول کا تھا جس کے ذریعے واٹس ایپ گروپس کے ایڈمنز کو زیادہ کنٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔

اب گروپ میں کسی بھی ممبر کو شامل ہونے سے قبل گروپ ایڈمن کی رضامندی درکار ہوگی، اس سے قبل ایسا نہیں ہوتا تھا۔

اسی طرح کامن گروپس فیچر بھی متعارف کرایا گیا۔

اس فیچر سے صارفین کسی واٹس ایپ دوست کے نام کو سرچ کرکے یہ جان سکیں گے کہ ان کا دوست کتنے ایسے گروپس کا حصہ ہے، جن کے آپ بھی رکن ہیں۔