معاشی عدم استحکام کی وجہ سیاسی افراتفری ہے: شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ پاکستان کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے، سیاسی افراتفری کا ماحول بتاتا ہےکہ ہم اپنی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے میں کیوں ناکام رہے ہیں۔
یوم پاکستان پر قوم کےنام پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں ماضی کی یاد دلاتا ہے، آج کا دن موجودہ حالات پر غوروفکر کی دعوت اور خوشحال مستقبل کی تعمیرکی تحریک دیتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 23مارچ 1940 کو برصغیر کےمسلمانوں نے علیحدہ وطن کےقیام کی قرارداد منظور کی تھی، پاکستان کا قیام 20 ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، ہمارے پچھلے 75 سالوں کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبرد آزما ہوتے دیکھا، قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا، کئی مواقع ایسےآئے جب ہم نے مشکلات پر قابوپالیا اور کئی سنگ میل حاصل کیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے لیے ذمہ دار قوم کا کردار ادا کیا، یوم پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں ان چیلنجز کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے جو ہمارے سامنے ہیں، آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاسی و آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا تھا، پاکستان کامستقبل آئین پر اس کی روح کےمطابق عمل کرنے میں مضمرہے، پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اپنےآپ کوقومی مقصد سےآراستہ کرناہوگا۔
صدر مملکت کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ آج کے دن بانیان پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینےکی یاد دہانی کراتا ہے ۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے، اپنےدفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابوپایا، قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبےکا مظاہرہ کیا، ہمیں قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کےلیےکام کرناہوگا۔