چین کے صدر اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے
چین کے صدر شی جن پنگ روس کے اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق دورہ روس کے دوران چین کے صدر کی روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات متوقع ہے۔
یہ دورہ اس وقت کیا جا رہا ہے جب عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی جانب سے یوکرین میں جنگی جرائم کے الزامات پر روسی صدر کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
یہ چینی صدر کا 4 سال میں پہلا دورہ روس ہے اور آئی سی سی کی جانب سے جاری وارنٹ کے بعد وہ پہلے عالمی رہنما ہیں جو روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق صدر شی جن پنگ اپنے 3 روزہ دورے کے دوران اقتصادی، سیاسی اور سکیورٹی امور پر بات چیت کریں گے۔
ماسکو پہنچنے سے قبل چینی صدر نے دورہ روس کو دوستی، تعاون اور امن کا سفر قرار دیا تھا۔
روسی اخبار کے لیے تحریر کیے گئے مضمون میں چینی صدر نے کہا کہ ‘میں صدر پیوٹن کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھاؤں گا’۔
ماسکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس دوران اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے، مگر اس حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی۔