ظل شاہ قتل کیس میں عمران خان اور یاسمین راشد بھی گرفتار ہوں گے: نگران وزیر اطلاعات پنجاب

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ لاہور میں قتل ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کے کیس میں عمران خان اور یاسمین راشد بھی گرفتار ہوں گے۔

عامر میر کا نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا ظل شاہ کیس پر یہ کہانی بنانے اور جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، آپ ظل شاہ کی لاش کو اسپتال چھوڑ کر بھاگ کیوں گئے، تین دن سے پتہ تھا تو چھپ کیوں رہے تھے، یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ خان صاحب اس معاملے میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، عمران خان شرمندہ ہونے کے بجائے مزید ریلیوں کی کال اور جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا جوڈیشل کمیشن تو ایسے معاملے میں بنتا ہے جہاں کوئی ابہام اور تنازع ہو، کیس کے تمام شواہد اور ثبوت موجود ہیں، شواہد مٹانے اور مسخ کرنے کے جرم کی کوشش کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، ایک آدھ دن میں پولیس گرفتاری کرے گی، اس کیس میں راجہ شکیل زمان، یاسمین راشد اور عمران خان بھی گرفتار ہوں گے۔

لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا لاہور میں تین بڑے ایونٹ ہونے جا رہے تھے تو تحریک انصاف نے ریلی کا اعلان کر دیا، کوئی بھی سیاسی جماعت 8 مارچ یا آج کوئی بھی سیاسی سرگرمی کرتی تو اسے روک دیا جاتا، اس معاملے کا تحریک انصاف اور ن لیگ سے موازنہ نہ کریں۔

عامر میر کا کہنا تھا میرا نہیں خیال کہ کل لاہور میں دفعہ 144 لگے گی، کل تحریک انصاف ریلی نکالنا چاہتی ہے تو ضرور نکالے۔