جو اختیارات سے تجاوز کرے اس پر کارروائی ہونی چاہیے، وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے فیض حمید سے متعلق کوئی سیاسی بیان نہیں دوں گا لیکن جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فیض حمید سے متعلق سوال پر وزیر قانون کا کہنا تھا اس بارے میں پہلے خود پڑھوں گا پھر کوئی جواب دوں گا، بنا پڑھے کوئی بیان نہیں دینا چاہیے لیکن میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ اختیارات سے جو بھی تجاوز کرے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ اکھٹا کیا جا رہا ہے، سن 2000 سے لے کر آج تک کا ریکارڈ پبلک کیا جائے گا، جو ریکارڈ موجود ہے اسے فوری طور پر شائع کر دیا جائے گا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون کا کہنا تھا چیئرمین نیب کے اختیار کے حوالے سے صرف ایک ترمیم ہوئی ہے، تفتیش کو بند کرنے کے لیے چیئرمین کو اختیار دیا گیا تھا، ترمیم کے بعد ڈپٹی چیئرمین نیب کو وہی اختیارات حاصل ہوں گے جو چیئرمین نیب کو حاصل ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا عمران خان نے اپنے دور میں نیب قوانین میں 3 آرڈیننس کے ذریعے ترامیم کیں، مسلم لیگ ن کی قیادت کو پرانے قوانین کے تحت بری کیا گیا۔