6 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی
ویسے تو 5 جی ٹیکنالوجی ہی دنیا بھر میں دستیاب نہیں مگر ماہرین کی جانب سے اگلی نسل کی موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔
ٹیلی کام ماہرین نے 6 جنریشن یا 6 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی تاریخ ظاہر کر دی ہے۔ ان ماہرین کے مطابق 6 جی ٹیکنالوجی کو 2030 میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کو اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے زیادہ جوش و خروش ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ورنہ صارفین کے ذہن الجھ سکتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی تک 5 جی ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں مکمل طور پر متعارف نہیں کرایا، تو 6 جی کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔
موبائل انڈسٹری کے سب سے بڑے تجارتی شو موبائل ورلڈ کانگریس میں 6 جی ٹیکنالوجی پر کافی بات کی گئی تھی، جس کا انعقاد گزشتہ دنوں اسپین کے شہر بارسلونا میں ہوا تھا۔
5 جی ٹیکنالوجی کو دنیا کے مختلف ممالک میں 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا مگر اب بھی دنیا کے بیشتر ممالک اس موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کو اپنے عوام تک نہیں پہنچا سکے ہیں۔
ایک تخمینے کے مطابق دنیا میں ہر 7 میں سے صرف ایک فرد 5 جی اسمارٹ فون استعمال کر رہا ہے۔
6 جی اسٹینڈرڈ کے حوالے سے کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ماہرین کے مطابق بنیادی طور پر یہ ابھی تحقیقی مرحلے سے گزر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی زیادہ توجہ 5 جی کو دنیا بھر میں متعارف کرانے پر دینی چاہیے اور اس کو مزید بہتر بنایا جانا چاہیے۔
اس وقت چونکہ 6 جی اسٹینڈرڈ طے نہیں ہوئے تو یہ واضح نہیں کہ یہ ٹیکنالوجی کیسی ہوگی۔
مگر ماہرین کے مطابق 6 جی ٹیکنالوجی سے موبائل نیٹ ورک پر سائبر سکیورٹی مضبوط ہوگی جبکہ اس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس پر مبنی زیادہ فیچرز موجود ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کی مدد سے ہولوگرافک کمیونیکیشن کو سائنس فکشن سے نکال کر حقیقت بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ ٹیکنالوجی ابھی تحقیقی مرحلے میں ہے مگر ایسا نظر آتا ہے کہ اسے 2030 تک متعارف کرا دیا جائے گا۔
درحقیقت اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف ممالک میں سب سے پہلے متعارف کرانے کی جنگ بھی ہو رہی ہے۔
فروری 2023 میں جنوبی کوریا نے 5 سال کے اندر 6 جی ٹیکنالوجی کو اپنے ملک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اس موقع پر جنوبی کوریا کی وزارت سائنس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 6 جنریشن نیٹ ورک سروسز کو 2028 تک جنوبی کوریا میں متعارف کرایا جائے گا۔
اس منصوبے کے ذریعے جنوبی کوریا باقی دنیا کو 6 جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے پیچھے چھوڑنا چاہتا ہے۔