پاکستانی شہری نے میراتھن میں 6 اسٹار میڈل لیکر تاریخ رقم کردی
پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر سلمان خان نے میراتھن مقابلوں کا اہم ترین اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ سلمان خان پہلے پاکستانی نژاد شہری ہیں جو دنیا کے 6 اہم ترین میراتھن مقابلوں کو مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔
بوسٹن، لندن، برلن، شکاگو، نیویارک اور ٹوکیو میراتھن مقابلوں کو مکمل کرنے والے افراد کو ایبٹ سکس اسٹار میڈل دیا جاتا ہے۔
سلمان خان نے سب سے پہلے بوسٹن میراتھن میں شرکت کی تھی اور اس کے بعد ہی انہوں نے سکس اسٹار میڈل کو اپنے نام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
5 مارچ کو ہونے والے ٹوکیو میراتھن میں مجموعی طور پر 11 پاکستانیوں یا پاکستانی نژاد امریکی و برطانوی شہریوں نے شرکت کی جس میں 5 خواتین بھی شامل تھیں، ٹوکیو میراتھن ریس مکمل کرکے سلمان خان ایبٹ سکس اسٹار میڈل کے حقدار بنے۔
سلمان خان کے علاوہ ٹوکیو اولمپکس میں حامد بٹ، رابعہ نعیم، عائشہ قمر، فہد مختار، پریم کمار، ہما رحمان، فواد کریم، عائشہ اختر، حسن تاجدار اور سارہ لودھی نے شرکت کی۔
ٹوکیو میراتھن ریس سے قبل ایک انٹرویو کے دوران سلمان خان نے کہا کہ ‘سکس اسٹار میڈل میرے اور میرے ملک کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ میں اس سنگ میل کو حاصل کرنے والا پہلا پاکستانی ہوں گا’۔
انہوں نے کہا کہ اگر ممکن ہوا تو وہ 2024 میں پیرس اولمپک میراتھن مقابلے میں شریک ہونا پسند کریں گے۔
سلمان خان کے علاوہ حامد بٹ اور عائشہ لودھی نے بھی ٹوکیو میراتھن مکمل کر کے سکس اسٹار میڈل اپنے نام کیے۔