روس نے جعلی معلومات کے الزام پر وکی پیڈیاپر بھاری جرمانہ عائد کر دیا

روس نے جعلی معلومات کے الزام پر وکی پیڈیا پر 27 ہزارڈالر جرمانہ عائد کردیا۔

روسی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وکی پیڈیا یوکرین میں روس آپریشن کے بارے میں جعلی معلومات ہٹانے میں ناکام رہا، وکی پیڈیا کو جعلی معلومات ویب سائٹ سے نہ ہٹانے کے الزام میں 27 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد بنائےگئے قوانین کے بعد روس، یوکرین تنازع پر روس کے موقف کے خلاف رپورٹنگ کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانے اور پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

وکی پیڈیا کی مالک کمپنی وکی میڈیا کو اس سے قبل بھی جنگ سے متعلق دو آرٹیکل نہ ہٹانے پر جرمانہ کیا گیا تھا جبکہ حالیہ جرمانہ روسی ملٹری یونٹس کے حوالے سے غلط معلومات نہ ہٹانے کے الزام میں عائد کیا گیا ہے۔

وکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال انہوں نے فیصلہ نہیں کیا تاہم وہ فیصلے کے خلاف اپیل میں جا سکتے ہیں۔