سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو ہرادیا۔
ملتان کے 197 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بناسکی اور یوں اسے 3 رنز سے شکست ہوئی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ کراچی کنگز نے ملتان سلطانزکے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے 196 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے شاندار سنچری اسکور کی۔ رضوان 64 گیندوں پر 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شان مسعود نے 51 اور ریلی روسو نے 29 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، کراچی کی جانب سے محمد عمر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ لی۔