قومی اسمبلی میں ضمنی فنانس بل 2023 کثرت رائے سے منظور

قومی اسمبلی نے ضمنی فنانس بل 2023 کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی پر ہونے والی بحث کے بعد ضمنی مالیاتی ترمیمی بل 2023 میں چند مزید ترامیم پیش کیں۔

اسحاق ڈار نے ایوان کو بتایا کہ بیرون ملک بزنس کلاس میں فضائی سفر پر ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے، جنوبی امریکا جانے والے بزنس کلاس ٹکٹ پر ڈھائی لاکھ روپے ایکسائز ڈیوٹی فکس کر دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ افریقا اور مشرق وسطٰی کے بزنس کلاس اور فرسٹ کلاس ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی 75 ہزار  روپے فکس کی گئی ہے جبکہ یورپی ممالک کے فضائی ٹکٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ڈیڑھ لاکھ روپے فکس کر دی گئی ہے۔

انہوں نے قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا کہ مشرقی وسطٰی اور ایشیائی ممالک کے لیے بزنس اور فرسٹ کلاس پر ڈیوٹی ڈیڑھ لاکھ روپے فکس کی گئی ہے۔

بعد ازاں قومی اسمبلی نے ضمنی مالیاتی بل 2023 کثرت رائے سے منطور کر لیا جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس بدھ کی شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ضمنی مالیاتی بل 2023 پیش کیا تھا۔ اس دوران سینیٹ میں اپوزیشن پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شدید احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا تھا۔