پی ایس ایل اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی: پاکستان کرکٹ بورڈ

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آج کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اپنی مکمل اسٹرینتھ کے ساتھ نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں میدان میں اتریں گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ وقت پر شام 7 بجے میچ شروع ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھی تصدیق کی ہے کہ جمعے کے روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے لہذا پی ایس ایل اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہم مقامی اور غیر ملکی سکیورٹی ماہرین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کا بھی یہی کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کو جاری رکھا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسے حالات چلتے رہتے ہیں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ، پی ایس ایل کو پاکستان لانا اور  برقرار رکھنا ایک چیلنج ہے، حکومت سے ایک روپیہ نہیں لیتے بلکہ ٹیکس دیتے ہیں۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم تمام ٹیموں اور پی ایس ایل سے جڑے تمام افراد کی سکیورٹی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور سکیورٹی میں کسی قسم کی کمی کے خدشے کے پیش نظر انہیں صدارتی لیول کی سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، ایسی ہی سکیورٹی بین الاقوامی ٹیموں کو بھی دی گئی تھی جسے مہمان ٹیموں کے کھلاڑیوں اور حکام کی جانب سے سراہا بھی گیا۔