گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے درمیان الیکشن کیلئے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا

لاہور: گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان صوبے میں الیکشن کےلیے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا۔

گورنر پنجاب کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈی جی لا الیکشن کمیشن اور دیگر حکام بھی شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک افراد نے اپنی اپنی آئینی اور قانونی تجاویز دیں جب کہ اجلاس کے شرکا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پروضاحت طلب کرنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ سے فیصلےکی تشریح کیلئے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنرپنجاب اورالیکشن کمیشن کے وفد کے درمیان اجلاس میں صوبے میں الیکشن کی تاریخ طے نہیں ہوسکی ہے جب کہ  گورنرپنجاب نے آئین کی تشریح پر مزید مشاورت پر زور دیا ہے۔