حکومت نے ایف آئی اے کو شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ہم دن رات پاکستان کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور کچھ سیاست دان اپنے گھٹیا ایجنڈے کو آگے بڑھارہے ہیں، عمران خان ساڑھے تین سال اپنے گھٹیا ایجنڈے کو چلاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا جس پر عمل کرتے ہوئے ہم یہاں تک پہنچے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے، ایف آئی اے نے شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی، عمران خان چاہتے ہیں کہ پاکستان عدم استحکام کا شکار رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ڈیل سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے بعد سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کےخلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزارت داخلہ سے ان کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی۔